ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل جالی پٹن پنچایت نقلی ڈیتھ سرٹفکیٹ معاملہ : ملزم ہرش وردھن کو میسورو سنٹرل جیل سے بھٹکل پولیس نے لیا تحویل میں

بھٹکل جالی پٹن پنچایت نقلی ڈیتھ سرٹفکیٹ معاملہ : ملزم ہرش وردھن کو میسورو سنٹرل جیل سے بھٹکل پولیس نے لیا تحویل میں

Sun, 30 Jan 2022 17:39:21    S.O. News Service

بھٹکل 30/ جنوری (ایس او نیوز) جالی پٹن پنچایت سے نقلی ڈیتھ سرٹفکیٹ بنوا کرانشورنس کے کروڑوں روپوں پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کا جو سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا تھا اس میں ملوث کلیدی ملزم ایچ وی ہرش وردھن کو میسورو سینٹرل جیل سے بھٹکل ٹاون پولیس نے تفتیش کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ ملزم ہرش وردھن ایک دوسرے مجرمانہ معاملہ میں میسورو جیل میں زیر سماعت قیدی کے طور پر بند ہے ۔ انشورنس کی رقم پر دعویٰ جتانے کے لئے جالی پٹن پنچایت میں نقلی ڈیتھ سرٹفکیٹ بنوانے کا کیس جو بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں درج ہوا ہے اس کی تحقیقات کے لئے پولیس کی ٹیم ہرش وردھن کے باڈی وارنٹ کے ساتھ میسورو سینٹرل جیل پہنچی اور ملزم کو  اپنی تحویل میں لے کر بھٹکل لوٹنے کے بعد اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے 10دن کے لئے کسٹڈی مانگی گئی ۔ عدالت نے ملزم کی طرف سے داخل کی گئی ضمانت کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے  پولیس کو ملزم  کے خلاف  آئی پی سی کی دفعہ 465,468, 471 اور 120 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی اجازت دی اور تفتیش کے لئے 7 دن کی پولیس کسٹڈی میں دیا ۔  

عدالت سے ملزم کی کسٹڈی ملنے کے بعد پولیس اس کو پوچھ تاچھ  کے لئے شہر سے باہر ایک نامعلوم جگہ لے گئی ہے ۔  ملزم ہرش وردھن سے تفتیش کے نتیجہ میں جالی پٹن پنچایت میں پیش آئے  نقلی ڈیتھ سرٹفکیٹ معاملہ میں ملوث مزید لوگوں کے نقاب اترنے اور کچھ سنسنی خیز خلاصہ سامنے آنے کی توقع کی جارہی ہے ۔

کیا ہے اصل معاملہ :    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں جالی کی مقیم میناکشی بی ایچ جنگن گدّے کے نام سے ڈیتھ سرٹفکیٹ جاری کرنے کی درخواست اس کے بیٹے ہرش وردھن بی ایچ  نے جالی پٹن پنچایت کو دی تھی، اور پنچایت کی طرف سے ڈیتھ سرٹفکیٹ جاری کردی گئی تھی ۔ مگر اس معاملہ کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب انشورنس کمپنی کے نمائندے تحقیق کرنے کے لئے ہرش وردھن کو تلاش کرتے ہوئے بھٹکل جالی پٹن پنچایت علاقے میں پہنچے ۔ تب معلوم ہوا کہ درخواست گزار ہرش وردھن اور اس کی ماں دونوں ہی بھٹکل شہر یا جالی علاقہ کے رہنے والے افراد نہیں ہیں ۔ اس کے علاوہ جس  کے نام پر ڈیتھ سرٹفکیٹ  لی گئی ہے وہ خاتون ابھی زندہ ہے ۔

نقلی ڈیتھ سرٹفکیٹ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جالی پٹن پنچایت کے اہلکار ونائیک نے  پولیس اسٹیشن  میں شکایت درج کروائی ۔ سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر کی رہنمائی میں سب انسپکٹر سوما نے جالی پٹن پنچایت چیف آفیسر رامچندرا ویرنیکر اور دیگر عملہ سے پوچھ تاچھ کی ۔ اور اس کیس کو حل کرنے کی طرف پیش قدمی کی ۔


Share: